کوئٹہ : بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے افغانستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے جنگ کی صورت میں افغانستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، جبکہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع کے تحفظ کیلئے ہر وقت تیار ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے بیان میں میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ افغانستان کو غلط فہمیوں سے نکل کر زمینی حقائق کو سمجھنا چاہیے اور پاکستان کے ساتھ ایک اچھے ہمسائے کی حیثیت سے تعلقات برقرار رکھنے چاہئیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ افغانستان اس تاثر میں مبتلا ہے کہ اس نے ماضی میں سوویت یونین کو شکست دی تھی اور اب وہ ایک بڑی طاقت بن چکا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ بھارت اور اسرائیل کی مبینہ مالی معاونت سے افغانستان پاکستان کے خلاف محاذ آرائی کی کوشش کر رہا ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز سرحدوں پر مکمل طور پر چوکس ہیں اور ملک کی خودمختاری و دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کے بقول پاکستان کی طرف میلی نظر سے دیکھنے والے کو جواب دیا جائے گا۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ اپنے عوام کو جنگ کے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے کشیدگی میں اضافے سے گریز کرے اور پاکستان کے ساتھ اچھے ہمسایہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر توجہ دے۔








