امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ نہ کیا گیا تو عوامی احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
لاہور میں جماعت اسلامی کے جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو عوامی تحریک کو اگلے مرحلے میں لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا لانگ مارچ شروع ہوا تو اسے محض تین دن بعد ختم نہیں کیا جائے گا، بلکہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم لیوی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے لاہور، کراچی اور پشاور میں دھرنے چھٹے روز بھی جاری ہیں۔








