امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے پنجاب حکومت کو خواتین کے تحفظ، تعلیم، صحت اور روزگار سمیت بنیادی عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام قرار دیتے ہوئے حکومت سے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور میں پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری دھرنے کے ساتویں روز خواتین کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کے گھریلو بجٹ تباہ کر دیے ہیں اور بچوں کی تعلیم بھی مشکل بنا دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج صرف پیٹرول کی قیمتوں کے خلاف نہیں بلکہ مہنگائی، پیٹرولیم لیوی اور آئی پی پیز کے خلاف عوام کی جدوجہد ہے۔ پیٹرول مہنگا ہونے سے روزمرہ زندگی کی ہر چیز متاثر ہوتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے واضح کیا کہ پیٹرولیم لیوی ختم ہونے تک دھرنا ختم نہیں ہوگا۔ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے ملک گیر ہڑتال، شٹر ڈاؤن اور لانگ مارچ کی طرف بڑھا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت کو خبردار کیا کہ عوامی مطالبات کو نظرانداز کرنے کے بجائے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے، کیونکہ موجودہ مہنگائی براہِ راست عام شہری کے گھر کے چولہے کو متاثر کر رہی ہے۔








