کوئٹہ : حکومت بلوچستان نے دنیا بھر کی 100 سے زائد ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔
بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت ہر سال صوبے کے 10 باصلاحیت نوجوانوں کو بیرونِ ملک پی ایچ ڈی کیلئے اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پروگرام کے اجرا کو صوبے کے روشن مستقبل کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو دنیا کی بہترین جامعات تک رسائی فراہم کرنے کا سفر شروع ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکالرشپ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے مواقع فراہم کرکے بلوچستان کو علم و تحقیق کے عالمی نقشے پر نمایاں مقام دلانا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل علم، تحقیق اور ترقی سے وابستہ نوجوان ہیں، حکومت انہیں عالمی معیار کے تعلیمی مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔








