پاکستان میں مسلسل چار روز تک اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں آج کمی ریکارڈ کی گئی۔ آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 600 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 86 ہزار 536 روپے کا ہوگیا۔
10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 514 روپے کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 17 ہزار 126 روپے ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 6 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 640 ڈالر فی اونس پر آگئی، جبکہ فی تولہ چاندی بھی 100 روپے سستی ہو کر 7 ہزار 279 روپے کی ہوگئی۔
صرافہ مارکیٹ کے تاجروں کے مطابق عالمی قیمت، ڈالر کی قدر اور مقامی مارکیٹ کے رجحانات کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق مجموعی طور پر سونے میں تیزی کا رجحان برقرار رہا تو رواں ماہ فی تولہ سونا 5 لاکھ روپے کی سطح عبور کرسکتا ہے۔ عالمی سطح پر بھی سونا رواں ماہ مضبوط اضافے کے ساتھ تین ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ چکا ہے۔








