اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ شہریوں کو مفت قانونی رہنمائی حاصل کرنے کے لیے عدالت آنے یا اخراجات برداشت کرنے کی ضرورت نہیں، وہ گھر بیٹھے سپریم کورٹ کے 1818 لیگل کال سینٹر پر رابطہ کرکے قانونی مشورہ حاصل کرسکتے ہیں۔
سپریم کورٹ میں گزشتہ روز 1818 لیگل کال سینٹر سروس کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بار نمائندگان سے ملاقات بھی کی، جس میں مستحق شہریوں کو مفت قانونی مشورے اور معاونت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ طریقہ کار وضع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
نئی سروس کے ذریعے وکلا، سائلین اور عام شہری اپنے مقدمات کی موجودہ صورتحال، سماعت کی تاریخوں، کاز لسٹ اور عدالتی فیصلوں کی نقول سے متعلق رہنمائی حاصل کرسکیں گے۔
اس اقدام کا مقصد شہریوں کے لیے قانونی معلومات تک رسائی آسان بنانا اور عدالتی امور سے متعلق رہنمائی کی فراہمی کو مؤثر بنانا ہے، تاکہ لوگوں کو معمولی معلومات کے حصول کے لیے عدالتوں کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
چیف جسٹس کے مطابق 1818 لیگل کال سینٹر شہریوں کو گھر بیٹھے قانونی رہنمائی حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔








