خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں نے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ کر دیا، جبکہ نوشہرہ کے مقام کنڈ خیر آباد میں دریائے کابل اور دریائے سندھ کے سنگم پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد بڑھنے پر اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔
انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے تحت دریاؤں کے کناروں پر آباد شہریوں کو الرٹ رہنے اور غیر ضروری طور پر کناروں کا رخ نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
دوسری جانب دو روز کے وقفے کے بعد پشاور اور گردونواح میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم متعلقہ اداروں نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بارشوں کا سلسلہ 29 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، فلیش فلڈنگ اور تودے گرنے کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، سوات، دیر، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، خیبر، کرم، پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، بنوں، ٹانک اور شمالی وزیرستان سمیت مختلف اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔








