لاہور : سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی کے باعث پاکستان بھر کے ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن متاثر ہونے لگا، جس کے نتیجے میں متعدد پروازیں تاخیر اور منسوخی کا شکار ہیں۔
متاثرہ مسافروں کی مشکلات کم کرنے کے لیے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے خصوصی سہولت کاؤنٹر قائم کردیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق سعودی عرب کے مختلف شہروں کے لیے براہِ راست پروازوں کی منسوخی اور تاخیر سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ اس صورتِ حال کے پیش نظر ایئرپورٹس پر مسافروں کی رہنمائی اور معاونت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر سہولت کاؤنٹر انٹرنیشنل ڈیپارچر کے دروازے کے سامنے لیول ٹو پر قائم کیا گیا ہے، جہاں متاثرہ مسافروں کو پروازوں کی تازہ ترین صورتِ حال، روانگی کے نئے اوقات اور دیگر ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے متعلقہ ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے نمائندے سہولت کاؤنٹر پر تعینات کریں تاکہ مسافروں کو بروقت معلومات مل سکیں۔ اتھارٹی کا عملہ بھی مسافروں کی رہنمائی اور ایئرلائنز سے رابطے میں معاونت کے لیے موجود رہے گا۔
حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل متعلقہ ایئرلائن سے اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتِ حال اور روانگی کے وقت کی تصدیق ضرور کرلیں تاکہ غیر ضروری پریشانی سے بچا جاسکے۔








