وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر کے تمام سرکاری اسکولوں میں ہفتے میں 6 روز تدریسی سرگرمیاں جاری رہیں گی، جبکہ نجی تعلیمی ادارے اپنے اوقات کار خود مقرر کرنے کے مجاز ہوں گے۔
وزیر تعلیم نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ محکمۂ اسکول ایجوکیشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یکم اگست 2026 سے تمام سرکاری اسکول چھ روزہ تدریسی شیڈول پر عمل کریں گے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ سرکاری اسکولوں کے ہفتہ وار اوقات کار کا اطلاق نجی تعلیمی اداروں پر لازمی نہیں ہوگا اور نجی اسکول اپنی انتظامی پالیسی کے مطابق تدریسی اوقات اور تعطیلات کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ محکمۂ تعلیم سندھ نے حال ہی میں موسم گرما کی تعطیلات کے اختتام کے بعد سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھولنے اور سرکاری اسکولوں میں چھ روزہ تدریسی ہفتہ بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے بعد اس حوالے سے مختلف سوالات سامنے آئے تھے۔








