اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ کے معاملے پر وفاقی سطح پر اہم مشاورت کی تیاریوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ وفاقی کابینہ کے ارکان کو اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی جلد بلائے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مجوزہ اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور اعلیٰ عسکری حکام کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس کے دوران قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹس کا جائزہ لینے کے ساتھ خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بھی غور کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق سابق قبائلی علاقوں سمیت خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ صوبے کے بعض اہم انتظامی اختیارات وفاق کے استعمال میں دینے کی تجویز پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مجوزہ اقدامات کے قانونی اور آئینی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے آئین کے آرٹیکلز 232 سے 234 تک پر غور و خوض کیا جاسکتا ہے۔ اس مشاورت کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔








