چین نے امریکا کی جانب سے پابندیاں عائد کرنے کے عندیے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پابندیاں اور دباؤ ڈالنے کی پالیسی مسائل حل کرنے کے بجائے کشیدگی میں اضافہ کرتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ تمام فریق دانش مندی اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو تنازع کو مزید بڑھانے یا عالمی اقتصادی ترقی اور مالیاتی استحکام کو متاثر کرنے کا باعث بنیں۔
انہوں نے کہا کہ چین خطے کی کشیدہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنے جائز حقوق و مفادات کے تحفظ کے لیے ضرورت پڑنے پر تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
لن جیان نے امریکا کا نام لیے بغیر واضح کیا کہ دباؤ اور پابندیوں کے بجائے مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے تنازعات کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یک طرفہ پابندیاں کسی مسئلے کا مستقل حل نہیں بلکہ کشیدگی کو مزید بڑھانے کا سبب بن سکتی ہیں۔








