چینی صدر شی جن پنگ نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے دو ریاستی حل ہی درست سمت ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بیجنگ میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطیٰ کے بحران کا بنیادی مسئلہ ہے، اس لیے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات بحال کیے جانے چاہئیں۔
چینی صدر نے خطے میں فوری اور جامع جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کیا جائے اور تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تلاش کیا جائے۔
شی جن پنگ نے غزہ کی تعمیرِ نو اور مغربی کنارے کے انتظام میں فلسطینیوں کی حکمرانی کے اصول کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے شہریوں کے تحفظ اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
چینی صدر کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کا حل بین الاقوامی قانون، انصاف اور انسانی اصولوں کی بنیاد پر ہونا چاہیے تاکہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان جامع، منصفانہ اور دیرپا امن قائم کیا جاسکے۔








