شکرگڑھ: وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پر زور دیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج کو تسلیم کریں اور دھاندلی کے الزامات لگانے کے بجائے عوامی فیصلے کا احترام کریں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شکرگڑھ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد بلاول بھٹو مسلسل دھاندلی کا شور مچا رہے ہیں، حالانکہ جمہوری عمل میں عوامی فیصلے کو تسلیم کرنا سیاسی روایت ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت بننے پر انتخابات شفاف قرار دیے جا سکتے ہیں تو آزاد کشمیر میں شکست کے بعد انہیں دھاندلی قرار دینا دوہرا معیار ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انہیں توقع تھی کہ بلاول بھٹو انتخابی نتائج کے بعد مسلم لیگ (ن) کی قیادت، خصوصاً نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کو کامیابی پر مبارک باد دیتے، مگر اس کے برعکس انہوں نے نتائج پر اعتراضات اٹھانے کا راستہ اختیار کیا۔








