مظفرآباد: مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی آزاد جموں و کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے نتائج کا اعلان اسپیکر نے کیا، جس کے مطابق بیرسٹر افتخار گیلانی نے 30 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ پیپلزپارٹی کے سردار مختار احمد خان کو 14 ووٹ ملے۔
وزیراعظم کے انتخاب میں اسپیکر قانون ساز اسمبلی کے علاوہ ایوان میں موجود 44 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہ غلام قادر اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
بیرسٹر افتخار گیلانی حالیہ انتخابات میں ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
افتخار گیلانی اس سے قبل بھی آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ وہ پہلی مرتبہ 2011 میں قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جبکہ وزیر تعلیم آزاد کشمیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔








