سوراب: بلوچستان کے ضلع سوراب میں بارودی گاڑی کی تیاری کے دوران ہونے والے دھماکے اور بعد ازاں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مجموعی طور پر 18 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ واقعے میں 3 شہری بھی جاں بحق اور پاک فوج کے 2 جوان زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اگست کی صبح سوراب میں فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد ایک وہیکل بورن امپرووائزڈ ایکسپلوسو ڈیوائس (VBIED) تیار کر رہے تھے کہ بارودی گاڑی اچانک قبل از وقت دھماکے سے پھٹ گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں ذخیرہ کیا گیا دیگر بارودی مواد بھی دھماکوں سے پھٹ گیا، جس کے باعث قریبی علاقے میں موجود 3 شہری جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس نے مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر مؤثر کارروائی کی گئی، جس میں مزید 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تازہ کارروائی کے بعد سوراب واقعے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 18 ہوگئی، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان بھی زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے سینیٹائزیشن اور کلیئرنس آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھیں گے۔








