LogoWednesday, August, 26, 2026

News Point PK

بلوچستان حکومت کا بڑا ریلیف پیکج، دہشت گردی سے متاثرہ شہریوں کی معاونت اور بحالی کیلئے معاوضوں میں نمایاں اضافہ

بلوچستان حکومت کا بڑا ریلیف پیکج،   دہشت گردی سے متاثرہ شہریوں کی معاونت اور بحالی کیلئے معاوضوں میں نمایاں اضافہ

ویب ڈیسک

28-Jul-2026
|

پاکستان

بلوچستان حکومت کا بڑا ریلیف پیکج،   دہشت گردی سے متاثرہ شہریوں کی معاونت اور بحالی کیلئے معاوضوں میں نمایاں اضافہ

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر حکومت بلوچستان نے دہشت گردی سے متاثرہ شہریوں کی مالی معاونت اور بحالی کے لیے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نظرثانی شدہ معاوضے 16 اپریل 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نئے نوٹیفکیشن کے تحت دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین کے لیے معاوضہ 15 لاکھ روپے سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ شدید زخمی اور مستقل معذوری کا شکار افراد کے لیے معاوضہ 5 لاکھ سے بڑھا کر 7 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ معمولی زخمی افراد کا معاوضہ بھی 2 لاکھ سے بڑھا کر 2 لاکھ 50 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

حکومت بلوچستان نے رہائشی مکانات اور تجارتی مراکز کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے بھی معاوضوں میں اضافہ کیا ہے۔ مکمل طور پر تباہ ہونے والے گھر کا معاوضہ 10 لاکھ روپے جبکہ جزوی نقصان پر 2 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔

اسی طرح مکمل تباہ ہونے والی دکان یا کاروباری مرکز کے لیے 7 لاکھ 50 ہزار روپے اور جزوی نقصان پر 2 لاکھ روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مال مویشی کے نقصانات، کارگو، ہیوی مشینری اور مختلف اقسام کی گاڑیوں کے لیے بھی نظرثانی شدہ معاوضے مقرر کیے گئے ہیں۔ بھینس، گائے، بیل یا گھوڑے کے ضیاع پر 70 ہزار روپے جبکہ بھیڑ، بکری یا گدھے کے نقصان پر 20 ہزار روپے فی جانور ادا کیے جائیں گے۔

محکمہ داخلہ نے تمام ضلعی معاوضہ کمیٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ نقصانات کی مکمل جانچ پڑتال اور شفاف تصدیق کے بعد تمام کیسز دو ہفتوں کے اندر محکمہ داخلہ کو ارسال کیے جائیں تاکہ متاثرین کو بروقت مالی امداد فراہم کی جا سکے۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ انشورنس کے تحت آنے والی گاڑیاں حکومتی اضافی معاوضے کی اہل نہیں ہوں گی۔

نمایاں خبریں

Still Running Your Business Manually ?

Automate. Scale. Grow with Webrix.

Custom Management Systems
Web & App Development
AI Automation Solutions
Chat on WhatsApp