LogoWednesday, August, 26, 2026

News Point PK

آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ ن سب سے آگے، بڑے بڑے سیاسی برج بھی الٹ گئے

آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ ن سب سے آگے، بڑے بڑے سیاسی برج بھی الٹ گئے

ویب ڈیسک

11-Aug-2026
|

تازہ ترین

آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ ن سب سے آگے، بڑے بڑے سیاسی برج بھی الٹ گئے

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے قانون ساز اسمبلی انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہوگئے، 38 نشستوں پر ہونے والے انتخابی عمل میں مسلم لیگ ن نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرکے میدان مار لیا، جبکہ پیپلز پارٹی دوسری بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آگئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 38 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن نے 24 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی نے 12 نشستیں اپنے نام کیں۔

عوام دست و بازو پارٹی ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی، جبکہ ایل اے 16 پر مسلم لیگ ن کے امیدوار میر اکبر کو واضح برتری حاصل ہے۔ اس حلقے کے 186 میں سے 174 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 12 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کا انتظار ہے۔

آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں کئی اہم سیاسی جماعتوں اور شخصیات کو بڑے انتخابی دھچکے کا سامنا کرنا پڑا۔ 24 سیاسی جماعتوں میں سے 20 ایسی جماعتیں ہیں جو ایک نشست بھی حاصل نہ کرسکیں، جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کیا۔

انتخابی نتائج میں مسلم کانفرنس اور استحکام پاکستان پارٹی کے اہم رہنماؤں کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان اپنی آبائی نشست بھی نہ بچا سکے اور انہیں تقریباً 21 ہزار ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے صدر تنویر الیاس بھی دونوں حلقوں میں کامیابی حاصل نہ کرسکے۔ ایل اے 15 باغ میں انہیں انتہائی کم ووٹ ملے اور وہ صرف تقریباً 1200 ووٹ حاصل کرسکے۔

جماعت اسلامی اور متحدہ قومی موومنٹ بھی کوئی نشست حاصل نہ کرسکیں، جبکہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) بھی انتخابی میدان میں کوئی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔

انتخابی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی واضح برتری نے آزاد کشمیر کی آئندہ سیاسی حکومت سازی کے امکانات کو بھی بڑی حد تک واضح کردیا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے دوسری بڑی پارلیمانی قوت بن کر ابھرنے سے خطے کی سیاسی صف بندی بھی اہمیت اختیار کرگئی ہے۔

تین مراحل میں مکمل ہونے والے انتخابات میں کئی بڑے سیاسی ناموں کی شکست کو آزاد کشمیر کی سیاست میں نمایاں تبدیلی کے طور پر دیکھا جارہا ہے، جبکہ حتمی نتائج اور حکومت سازی کے آئینی مراحل مکمل ہونے کے بعد سیاسی منظرنامہ مزید واضح ہوگا۔

نمایاں خبریں

Still Running Your Business Manually ?

Automate. Scale. Grow with Webrix.

Custom Management Systems
Web & App Development
AI Automation Solutions
Chat on WhatsApp