باغ: آزاد کشمیر کے تیسرے مرحلے کے انتخابات میں باغ سے بڑا سیاسی اپ سیٹ سامنے آگیا، مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان اپنی آبائی نشست ایل اے 14 باغ سے شکست کھا گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایل اے 14 باغ کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جموں و کشمیر دست و بازو پارٹی کے امیدوار سردار ساجد اقبال نے نمایاں برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق سردار ساجد اقبال نے 40 ہزار 702 ووٹ حاصل کیے، جبکہ سردار عتیق احمد خان 19 ہزار 542 ووٹ لے سکے۔ یوں ساجد اقبال نے اپنے حریف کو 21 ہزار 160 ووٹوں کے واضح فرق سے شکست دی۔
ایل اے 14 کا نتیجہ اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے کہ یہ نشست سردار عتیق احمد خان کے خاندان کا سیاسی گڑھ سمجھی جاتی رہی ہے۔ ان کے والد سردار عبدالقیوم بھی ماضی میں اسی حلقے سے کامیاب ہوتے رہے ہیں۔
باغ اور حویلی کی چار نشستوں پر پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج مرتب کرنے کا عمل جاری ہے، تاہم ایل اے 14 باغ کا نتیجہ سامنے آتے ہی آزاد کشمیر کی انتخابی سیاست میں ایک بڑا اپ سیٹ بن گیا ہے۔
سردار عتیق احمد خان کی اپنی آبائی نشست سے شکست کو مسلم کانفرنس کے لیے بھی اہم سیاسی دھچکا قرار دیا جارہا ہے، جبکہ سردار ساجد اقبال کی بھاری اکثریت سے کامیابی نے باغ کے سیاسی منظرنامے میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔








