LogoWednesday, August, 26, 2026

News Point PK

آزاد کشمیر الیکشن: تیسرے مرحلے کا انتخابی دنگل، باغ اور حویلی میں پولنگ جاری

آزاد کشمیر الیکشن: تیسرے مرحلے کا انتخابی دنگل، باغ اور حویلی میں پولنگ جاری

ویب ڈیسک

10-Aug-2026
|

خاص خبریں

آزاد کشمیر الیکشن: تیسرے مرحلے کا انتخابی دنگل، باغ اور حویلی میں پولنگ جاری

مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے اضلاع باغ اور حویلی کے چار حلقوں میں پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے، جہاں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع باغ کے تین اور ضلع حویلی کے ایک حلقے میں پولنگ کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ووٹنگ صبح شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق تیسرے مرحلے کے انتخابی معرکے میں کئی اہم سیاسی شخصیات بھی میدان میں ہیں، جن میں مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، موجودہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور آئی پی پی کے سربراہ و سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس شامل ہیں۔

انتخابات کے موجودہ مرحلے میں چار نشستوں پر پولنگ ہو رہی ہے، جبکہ انتخابی شیڈول میں تبدیلی کے باعث پونچھ ڈویژن کے مزید پانچ اور سدھنوتی کے دو حلقوں میں انتخابات پہلے ہی مؤخر کیے جا چکے ہیں۔

اب تک کس جماعت کا پلڑا بھاری؟

آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر مقابلہ ہوا تھا، جہاں مسلم لیگ ن نے 9 اور پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کیں۔

دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ اس مرحلے میں بھی مسلم لیگ ن نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 15 نشستیں جیتیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے حصے میں 6 نشستیں آئیں۔

یوں اب تک آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مجموعی 45 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے، جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

اب نظریں باغ اور حویلی کے ان چار حلقوں کے نتائج پر مرکوز ہیں، جہاں آج کا انتخابی معرکہ نہ صرف امیدواروں بلکہ آزاد کشمیر کی بڑی سیاسی جماعتوں کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔ تیسرے مرحلے کے نتائج سے خطے کے سیاسی منظرنامے میں مزید واضح سمت سامنے آنے کی توقع ہے۔

نمایاں خبریں

Still Running Your Business Manually ?

Automate. Scale. Grow with Webrix.

Custom Management Systems
Web & App Development
AI Automation Solutions
Chat on WhatsApp