صوابی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ سنگین تحفظات کے باوجود حکومت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، پاکستان کی خاطر تمام سیاسی قوتوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہوگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ویڈیو بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف نہیں، ہمارا ایجنڈا پاکستان کی کامیابی اور ترقی ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام کے امن کے مطالبے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، امن و امان اور بنیادی انسانی حقوق آل پارٹیز کانفرنس کے اہم نکات ہونے چاہئیں۔
انہوں نے سیاسی قیدیوں کی رہائی، آئین و قانون کی بالادستی اور بنیادی حقوق کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے مشترکہ لائحہ عمل ضروری ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ صوبائی حکومت کے آئینی اختیارات کا احترام کیا جائے، پولیس میں تقرریوں اور تبادلوں کے معاملات میں صوبائی حکومت سے مشاورت ہونی چاہیے۔ گورنر راج کی دھمکیوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پارٹی کی سیاسی جدوجہد آئین و قانون کے دائرے میں جاری رہے گی، احتجاج پرامن ہے اور پرامن رہے گا۔ جائز آئینی و قانونی مطالبات کی منظوری تک پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، تاہم قانون ہاتھ میں نہیں لیا جائے گا۔








