اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے اہم اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے اور مشترکات پر مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج کا دن اہم ہے، اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ہوا ہے اور یہ سفر کا پہلا قدم ہے۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، اس لیے اپوزیشن کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ اپوزیشن کی کوششوں سے پاکستان بہتری کی جانب بڑھے گا۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس تقریباً تین گھنٹے جاری رہا، جس میں تمام جماعتوں نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی کے معاملے پر اپوزیشن جماعتیں مشترکہ مؤقف اختیار کریں گی۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس نے عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے انہیں شفا اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔








