امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملک بھر میں معیاری اور مفت تعلیم کے حصول کے لیے تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں اور پٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، جبکہ بھاری ٹیکسز کے باوجود بچوں کو مفت تعلیم میسر نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کے مطابق خیبرپختونخوا میں 50 لاکھ، پنجاب میں ایک کروڑ 18 لاکھ سے زائد اور سندھ میں 70 لاکھ سے زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری اور مفت تعلیم ہر پاکستانی بچے کا بنیادی حق ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ بنو قابل پروگرام کے تحت نوجوانوں کو جدید تعلیم اور تربیت فراہم کی جارہی ہے، جبکہ جماعت اسلامی غزہ کے طلبہ کی تعلیم کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بھی بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی یقینی بنائے۔








