پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے کراچی، لاہور اور پشاور میں جاری دھرنے آٹھویں روز بھی جاری ہیں۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک دھرنے جاری رہیں گے، جبکہ 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ تینوں بڑے دھرنے جاری رہیں گے جبکہ مختلف شہروں میں احتجاجی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ 11 اور 12 ربیع الاول کی رات دھرنوں کے مقامات پر محافلِ میلاد اور سیرت کانفرنسیں بھی منعقد ہوں گی۔
حافظ نعیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مقامی ڈیزل کو درآمدی ڈیزل کی قیمت پر فروخت کرکے منافع کمایا جا رہا ہے، جبکہ عوام، طلبہ، نوجوان اور کسان مہنگائی کا بوجھ برداشت کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے چینی کی قیمتوں اور درآمد سے متعلق حکومتی پالیسی پر بھی سوالات اٹھائے اور الزام عائد کیا کہ ملک میں مافیاز عوام کو مسلسل لوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی پرامن احتجاج پر یقین رکھتی ہے اور حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ حافظ نعیم نے حکومتی مؤقف مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دھرنوں کے باعث پیٹرول مہنگا ہونے کی بات درست نہیں۔








