LogoTuesday, February, 3, 2026

News Point – Latest Urdu News from Pakistan & World

لعل شہباز قلندر کا سالانہ عرس ، مشاورتی اجلاس طلب

لعل شہباز قلندر کا سالانہ عرس ، مشاورتی اجلاس طلب

Hanif

21-Jan-2026 | دین و دنیا

لعل شہباز قلندر کا سالانہ عرس ، مشاورتی اجلاس طلب

کراچی : حضرت لعل شہباز قلندر کے 774 ویں سالانہ عرس مبارک کے پُرامن، منظم اور بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ اوقاف، مذہبی امور، زکوٰۃ اور عشر حکومت سندھ کی جانب سے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس طلب کر لیا گیا۔ اجلاس 22 جنوری کل بروز جمعرات سید عبداللہ شاہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، سہون شریف کے کانفرنس روم میں منعقد ہوگا۔محکمہ اوقاف کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر برائے اوقاف، مذہبی امور، زکوٰۃ اور عشر سید ریاض حسین شاہ شیرازی کریں گے۔ اجلاس میں کمشنر حیدرآباد ڈویژن، ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد رینج، ڈی آئی جی موٹروے پولیس، ڈپٹی کمشنر جامشورو، ایس ایس پی جامشورو، ڈائریکٹر این ایچ اے، اسسٹنٹ کمشنر سہون، ضلعی صحت افسر اور دیگر متعلقہ انتظامی افسران شریک ہوں گے۔اجلاس میں محکمہ آبپاشی، حیسکو، بلدیاتی اداروں کے افسران، منتخب عوامی نمائندگان بھی شامل ہوں گے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے اوقاف شازیہ کریم سنگھار کی بھی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں 7 سے 9 فروری تک جاری رہنے والے تین روزہ عرس مبارک کے دوران امن و امان، ٹریفک مینجمنٹ، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، رہائش، بجلی، پانی اور زائرین کے لیے دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ سیکرٹری اوقاف، مذہبی امور، زکوٰۃ اور عشر کی جانب سے جاری اعلامیے میں منیجر اوقاف سہون کو اجلاس کے انتظامات مکمل کرنے اور اجلاس کی کارروائی مرتب کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ترجمان محکمہ اوقاف کے مطابق اجلاس کا بنیادی مقصد حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے لاکھوں زائرین کو محفوظ، منظم اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے موثر اقدامات کرنا ہے ۔

نمایاں خبریں