سندھ کے سینئر وزیرِ ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی ریڈ لائن کوریڈور کا 80 سے 85 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، جبکہ سڑک کو 15 ستمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بی آر ٹی ریڈ لائن کے دورے کے دوران شرجیل میمن نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق ہے۔ ان کے مطابق اگلے ماہ بڑی تعداد میں ڈبل ڈیکر بسیں کراچی پہنچ جائیں گی، جبکہ الیکٹرک بسیں بھی جلد شہریوں کو دستیاب ہوں گی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ 500 الیکٹرک بسوں کی منظوری دی جاچکی ہے، جبکہ خواتین کے لیے پنک اسکوٹیز بھی جلد فراہم کی جائیں گی۔
شرجیل میمن نے سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 21 لاکھ گھروں کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور لاکھوں گھر مکمل ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور صوبے میں مختلف شعبوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔
انہوں نے تھر کے کوئلے کو ملک کی توانائی ضروریات کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سستی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے اور اس کے وسیع ذخائر سے ملک کے مختلف بجلی گھروں کی ضروریات پوری کی جاسکتی ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو پر ٹریفک کا رش منصوبے کی افادیت اور کامیابی کا ثبوت ہے، جبکہ سندھ حکومت پروپیگنڈے کے بجائے عملی کام پر توجہ دے رہی ہے۔








