وزارت خزانہ کے مطابق وزیراعظم کے اپنا گھر پروگرام میں شہریوں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جون سے اب تک درخواست گزاروں کی تعداد میں 52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت فنانس تک رسائی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ہاؤسنگ، زراعت، ایس ایم ایز، برآمدات، آئی ٹی اور قابلِ تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں مالیاتی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اپنا گھر پروگرام کے تحت درخواستوں کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 39 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جبکہ منظور شدہ درخواستوں میں 84 فیصد اضافہ ہوا اور ان کی تعداد 46 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
بریفنگ کے مطابق پروگرام کے تحت منظور شدہ فنانسنگ تقریباً دوگنا ہوکر 144 ارب روپے سے 279 ارب روپے تک پہنچ گئی، جبکہ جاری کیے گئے قرضوں کی تعداد 59 فیصد اضافے کے بعد 7 ہزار 600 سے زائد ہوگئی ہے۔ ان قرضوں کی مجموعی مالیت 38 ارب روپے سے زیادہ ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مجموعی ہاؤسنگ فنانس بھی جون کے اختتام پر 294 ارب روپے سے بڑھ کر اگست کے وسط تک 307 ارب روپے ہوگیا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالیاتی شعبے کی استعداد کو پیداواری سرمایہ کاری، کاروبار کے فروغ، گھر کی ملکیت، زرعی پیداوار اور برآمدات میں اضافے کے لیے استعمال کرنے پر زور دیا۔
رپورٹ کے مطابق اپنے اجلاس میں زراعت اور ایس ایم ای فنانسنگ کو جون 2027 تک 1.5 ٹریلین روپے اور جون 2028 تک 2 ٹریلین روپے تک بڑھانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا۔
بریفنگ میں ہاؤسنگ فنانس کے لیے ریگولیٹری اصلاحات، ڈیجیٹل طریقہ کار، جائیداد کی قدر کے تعین اور طویل مدتی فنانسنگ کی سہولت سمیت دیگر اقدامات پر بھی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔








