کمالیہ: دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث کمالیہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ انتظامیہ نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر دریائی علاقوں میں حفاظتی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
ایس ڈی او ایریگیشن کے مطابق مل فتیانہ کے مقام سے تقریباً 50 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے، جس کے باعث قریبی نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی پھیلنا شروع ہو گیا ہے۔
انتظامیہ نے مل فتیانہ، کوٹ پٹھانہ، اڈا کلیرا، موضع تارا، حویلی مائی صفوراں، کوٹ کرم شاہ اور ڈیڈھی میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
سیلابی پانی کے باعث مل فتیانہ، خان دا چک، جھلار سگلہ، شہابل شاہ، بستی پیپل والا اور موضع درسانہ میں کھڑی فصلیں زیرِ آب آ گئی ہیں، جس سے کاشتکاروں کو نقصان کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ایس ڈی او ایریگیشن نے دریائی بیلٹ میں رہائش پذیر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔








