پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کرک میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت دو پولیس اہلکاروں کی شہادت کی شدید مذمت کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پر دہشت گردی کے ذمہ دار عناصر کی حمایت اور مبینہ سمجھوتوں کے الزامات ہیں، جن کی قیمت پولیس، مسلح افواج اور شہری جانوں کی قربانی دے کر ادا کر رہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی حکومت نے خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ صوبائی حکومت کو اپنی ذمہ داری کا احساس دلانے کے لیے مزید کتنی جانوں کا ضیاع درکار ہے۔
گورنر نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ اور ساتھیوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔








