کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے پر ایم ڈی ایس گودام کے قریب پولیس نے کارروائی کے دوران مبینہ مقابلے میں دو ملزمان کو زخمی حالت میں حراست میں لیا۔ گرفتار افراد کی شناخت توصیف اور امام بخش کے نام سے ہوئی ہے۔
ادھر ملیر سٹی میں بھی پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران پولیس اہلکار ساجد زخمی ہو گیا۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں ایک اور ملزم، سمیر، کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔








