کراچی: ڈیفنس فیز 6 کی شہباز کمرشل مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان ایک سینٹری شاپ کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کرکے فرار ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واردات کا مقدمہ درخشاں تھانے میں دکان کے مالک علی اصغر کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق دکاندار 17 جولائی کو معمول کے مطابق دکان بند کرکے گیا تھا، تاہم اگلے روز واپس پہنچا تو شٹر ٹوٹا ہوا اور تالے کٹے ہوئے تھے۔
متاثرہ دکاندار کا کہنا ہے کہ ملزمان دکان سے 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے قیمتی سینٹری سامان لے گئے، جس سے اسے بھاری مالی نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے، جس میں واردات سے قبل چند مشکوک افراد دکان کے باہر موجود دکھائی دیتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔








