گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ، بالائی علاقوں کیلئے الرٹ جاری، شہریوں کو احتیاطی تدابیر کی ہدایت

ویب ڈیسک
خاص خبریں

گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے، شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ درپیش ہے، اس سلسلے میں محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (GLOF) کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق 3 مئی 2026 سے ایک معتدل مغربی لہر پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
اس دوران گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر بارش، آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں اچانک اضافے کے بعد اس نوعیت کی بارشیں معمول کا حصہ ہوتی ہیں، تاہم یہ صورتحال گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ، ملبے کے بہاؤ اور سیلاب کے خطرات کو بڑھا دیتی ہے۔ خاص طور پر ہوپر، غلکین، ششپر، یاسین، پھنڈر، بڈسوات، لوئر ہنزہ، نگر، گھانچے، دیر اور دیر بالا جیسے علاقے زیادہ خطرے کی زد میں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حکام نے برفانی وادیوں میں رہنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران ندی نالوں اور دریا کے کناروں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ مقامی ندیوں میں پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی یا غیر معمولی آوازوں جیسے پتھروں کے ٹکرانے کی صورت میں فوری احتیاط برتی جائے اور محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ مویشیوں اور ضروری اشیا کو بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام 24 گھنٹے چوکس ہیں اور دور دراز علاقوں میں تکنیکی فوکل پرسنز کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔
نمایاں خبریں
کراچی میں موسم گرم اور اندرون سندھ درجہ حرارت 49 ڈگری تک پہنچنے کی پیشگوئی

معرکہ حق: بلوچستان میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں کا انعقاد

مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی، جیٹ فیول مہنگا

پیٹرولیم مصنوعات مہنگی، حکومت نے ریلیف دینے کی بجائے عوام پر لیوی کا مزید بوجھ ڈال دیا

ایران کی سفارتی اور جنگی پالیسیوں میں مجتبیٰ خامنہ ای پس پردہ متحرک، امریکی رپورٹ

Automate. Scale. Grow with Webrix.
Helping businesses grow digitally