پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق اور تمام صوبے مل کر کام کریں گے، اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ملک اور صوبے کی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ گندم کے غائب ہونے سے متعلق انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے۔ ان کے مطابق معاملے کے حقائق سامنے لانے کے لیے رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔
گورنر کے پی نے کہا کہ آئندہ صرف مفید ترقیاتی منصوبوں پر کام ہوگا اور سرکاری فنڈز کے ضیاع کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے نئے قوانین اور کیمروں کے ذریعے نگرانی کا نظام متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کے معاملے پر واپڈا حکام سے بات کی جائے گی، جبکہ بجلی چوری کی روک تھام اور بلوں کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات ہوں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بجلی اور گیس سے متعلق مسائل جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔








