امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری جنگ کے حوالے سے ایک بار پھر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کو بھاری نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور اسے اس جنگ کی "بڑی قیمت" چکانا پڑے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو شدید تباہی کا سامنا ہے اور امریکی کارروائیاں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔
اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے دوران امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافے کے باوجود کیا امریکی عوام اس جنگ کی حمایت کرتے ہیں؟
اس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی عوام جنگ کے مخالف نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام یقیناً پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان ہیں، تاہم وہ ایران کے خلاف جنگ کی مخالفت نہیں کرتے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایک حالیہ سروے بھی ان کے اس مؤقف کی تائید کرتا ہے۔
تاہم امریکی صدر نے اس سروے کی کوئی تفصیلات یا حوالہ فراہم نہیں کیا، جس کے باعث ان کے دعوے کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔ دوسری جانب حالیہ رائے عامہ کے متعدد سرویز میں ایران جنگ سے متعلق عوامی رائے ٹرمپ کے بیان سے مختلف دکھائی گئی ہے۔








