حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کے نئے نظام کے تحت مسلسل اضافوں نے عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈال دیا۔ صرف چند روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، گزشتہ تین روز میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے 69 پیسے اضافہ ہوا، جبکہ گزشتہ چھ روز کے دوران مجموعی اضافہ 52 روپے 19 پیسے تک پہنچ گیا۔ اس اضافے کے بعد ڈیزل کی قیمت 354 روپے 35 پیسے سے بڑھ کر 375 روپے 4 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔
دوسری جانب پیٹرول کی قیمت میں بھی گزشتہ تین روز کے دوران 11 روپے 32 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اگرچہ اس عرصے میں ایک روز 35 پیسے کی معمولی کمی کی گئی، تاہم مجموعی طور پر پیٹرول 315 روپے 80 پیسے سے بڑھ کر 327 روپے 12 پیسے فی لیٹر تک جا پہنچا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر بھی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔
دریں اثنا، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث مسلسل تیسرے روز بھی پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمتیں بالترتیب 327 روپے 12 پیسے اور 375 روپے 4 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہیں۔








