امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں کے بعد ایران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنایا تو مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی مفادات اور بنیادی ڈھانچے بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ایک نامعلوم ایرانی فوجی عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایران کی خودمختاری غیر متزلزل ہے اور تہران کسی بھی صورت اس اہم آبی گزرگاہ کو اپنے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔
فوجی ذریعے کے مطابق اگر امریکا نے ایران کے پلوں، بجلی گھروں یا دیگر اہم تنصیبات پر حملہ کیا تو ایران بھی خطے میں امریکی مفادات سے وابستہ اہم شہری انفرااسٹرکچر، بشمول پلوں، بجلی گھروں اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ حالیہ دس دنوں کے واقعات نے ثابت کر دیا ہے کہ ایران اپنی مرضی کے اہداف تک مؤثر انداز میں پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس لیے امریکا کو کسی بھی ممکنہ کارروائی کے نتائج کا بخوبی اندازہ ہونا چاہیے۔
ایرانی فوجی عہدیدار نے صدر ٹرمپ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے کسی نئی فوجی مہم جوئی کا راستہ اختیار کیا تو اس کا انجام بھی ماضی کی طرح امریکا کے لیے ناکامی اور سبکی کی صورت میں نکل سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیان میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ ایران آبنائے ہرمز پر اپنی خودمختاری اور کنٹرول برقرار رکھے گا اور اس حوالے سے اپنے مؤقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔








