نیو جرسی: فیفا ورلڈ کپ 2026 کا سنسنی خیز فائنل اسپین کے نام رہا، جس نے اضافی وقت میں ارجنٹائن کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
فائنل کے فیصلہ کن لمحات 106ویں منٹ میں آئے جب نیکو ولیمز کے ہیڈر کے بعد گیند فیران ٹوریس کے پاس پہنچی، جنہوں نے قریب سے طاقتور شاٹ کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر اسپین کو تاریخی فتح دلا دی۔
مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، تاہم اسپین نے پورے میچ میں زیادہ مؤثر کھیل پیش کیا اور متعدد خطرناک حملے کیے۔ ارجنٹائن کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز نے کئی شاندار سیوز کر کے اپنی ٹیم کو مقابلے میں برقرار رکھا، لیکن اضافی وقت میں وہ بھی اسپین کے فیصلہ کن وار کو نہ روک سکے۔
ارجنٹائن کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب مڈفیلڈر اینزو فرنانڈیز کو دوسرے پیلے کارڈ کے بعد میدان بدر کر دیا گیا، جس کے باعث دفاعی چیمپئن ٹیم اضافی وقت کا بڑا حصہ صرف دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتی رہی۔
اسپین کی جانب سے لامین یامال، نیکو ولیمز اور میکل اویارزابال نے مسلسل ارجنٹائن کے دفاع پر دباؤ برقرار رکھا، جبکہ نیکو ولیمز کا ایک گول فاؤل کے باعث مسترد بھی کر دیا گیا۔
فائنل کے ساتھ ہی ورلڈ کپ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب بھی توجہ کا مرکز بنی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خصوصی طور پر اسٹیڈیم میں موجود تھے، جبکہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہاف ٹائم شو پیش کیا گیا، جس میں شکیرا، میڈونا اور جسٹن بیبر نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے 2010 کے بعد دوسری مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا اور ایک منفرد تاریخ بھی رقم کی۔ اسپین فٹبال کی تاریخ کا پہلا ملک بن گیا ہے جس کے پاس بیک وقت مردوں اور خواتین دونوں کے فیفا ورلڈ کپ ٹائٹلز موجود ہیں۔
دوسری جانب ارجنٹائن ساتویں بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا، مگر مسلسل دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا خواب پورا نہ ہو سکا۔ یہ مقابلہ لیونل میسی کے ممکنہ آخری ورلڈ کپ میچ کے طور پر بھی یاد رکھا جائے گا، جہاں عظیم کیریئر کا اختتام عالمی ٹائٹل کے بجائے رنر اپ پر ہوا۔








