میڈرڈ: فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فاتح اسپینش فٹبال ٹیم کے شاندار استقبال کے لیے دارالحکومت میڈرڈ مکمل طور پر تیار ہے، جہاں عالمی چیمپئن کھلاڑیوں کے اعزاز میں خصوصی فتح پریڈ منعقد کی جائے گی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر بھر میں جشن کا ماحول ہے اور ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ قومی ٹیم کی پریڈ کا روٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اسپینش ٹیم کھلی بس میں میڈرڈ کی اہم شاہراہوں سے گزرے گی، جہاں ہزاروں شائقین اپنے ہیروز کا پرتپاک استقبال کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق پریڈ کے دوران کھلاڑی ورلڈ کپ ٹرافی عوام کو دکھائیں گے، جبکہ مختلف مقامات پر جشن، موسیقی اور خصوصی تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسپین نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹائن کو اضافی وقت میں 0-1 سے شکست دے کر اپنی تاریخ میں دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس تاریخی کامیابی کے بعد پورے اسپین میں جشن کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ میڈرڈ میں ہونے والی فتح پریڈ اس جشن کی سب سے بڑی تقریب ہوگی۔








