LogoTuesday, February, 3, 2026

News Point – Latest Urdu News from Pakistan & World

شرجیل میمن کا کراچی فلم اسکول کا دورہ

شرجیل میمن کا کراچی فلم اسکول کا دورہ

Hanif

31-Jan-2026 | اسٹار ورلڈ

شرجیل میمن کا کراچی فلم اسکول کا دورہ

کراچی : سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات ل، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کراچی فلم اسکول کورنگی کاز دورہ کیا جہاں انہوں نے اسکول کی تیار کردہ فلموں کی اسکریننگ میں شرکت کی اور فلم ساز طلبہ و طالبات سے بات چیت کی۔ فلم سازی سے منسلک طلبہ و طالبات نے اپنے پروجیکٹس کے حوالے سے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو آگہی دی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وہ کراچی فلم اسکول میں آج دوسری مرتبہ آئے ہیں اور یہ پاکستان کا واحد ادارہ ہے جو فلم سازی میں ایک سالہ ڈپلوما دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی فلم اسکول کا قیام نوجوانوں کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے جہاں وہ اپنا کیریئر بنا سکیں اور فلم و ڈرامہ کے ذریعے مثبت پیغام دنیا تک پہنچا سکیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمارے دشمن ملک بھارت کی ساری کوششیں جھوٹی فلموں کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی ہیں، معرکۂ حق میں پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی ہے، جس کے بعد بھارت نے سو سے زائد فلمیں پاکستان کے خلاف بنا دی ہیں۔ انہوں نے سینماز کے خاتمے اور معیاری مواد کی کمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینماز پہلے ہر شہر میں ہوتے تھے، اب سینماز ختم ہو کر پلازہ بن گئے ہیں، لوگوں کو انٹرٹینمنٹ چاہیے، لیکن معیاری مواد ختم ہو گیا ہے، پورے پاکستان میں فلم انڈسٹری کو نظرانداز کیا گیا، لیکن نوجوان نسل جو مواد تیار کر رہی ہے، اس میں سندھ حکومت بھرپور ساتھ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور فلم فیسٹیول میں اچھے اسکرپٹ کی صورت میں حکومت اخراجات فراہم کرے گی۔ انہوں نے حکومت سندھ کی فلم "میرا لیاری" کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں لیاری کے اصل چہرے کو دکھایا گیا ہے اور بورڈ فیصلہ کرے گا کہ فلم کب ریلیز ہوگی۔ پاکستان نے دہشت گردی کا بھرپور مقابلہ کیا ہے اور اس کے خلاف منظم پروپیگنڈا ہوا، تاہم پاکستان واحد ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے اور ہمارے پاس بہترین سیاحتی مواقع موجود ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فلموں کے ذریعے ملک کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لایا جا سکتا ہے اور فلم اسکول کے طلبہ کی فیس میں پچاس فیصد کمی کے لیے حکومت سے بات کریں گے۔ انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ادارے کو مزید بہتر بنانے اور نوجوانوں کو بہترین تربیت فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے شرمین عبید چنائے کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسی اسکول کے طلبہ بھی مستقبل میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلمیں بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ معاشرے میں لوگوں کو سپورٹ کریں، پاکستان میں سینماز کی کمی رہی ہے اور حکومتی سطح پر کبھی سینما انڈسٹری کو فروغ نہیں ملا۔ نجی شعبے کو آگے آنا چاہیے اور سندھ نے ہمیشہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں تاریخی کام کیے ہیں۔ بھارت کے مقابلے میں پاکستان میں لاکھ گنا بہتر ٹیلنٹ موجود ہے اور ہمارے انٹرٹینمنٹ چینلز بھارت میں بھی دیکھے جاتے ہیں۔ ہمیں ایسا مواد بنانا چاہیے کہ پڑوسی ملک بھی اسے دیکھنے پر مجبور ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ فلم انسٹیٹیوٹ لاہور، بلوچستان، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں بھی قائم ہونے چاہئیں۔

نمایاں خبریں