LogoWednesday, July, 22, 2026

News Point PK

عمران خان کی رہائی کیلئے پی ٹی آئی پھر متحرک، 5 اگست کو پشاور میں پاور شو کا اعلان

عمران خان کی رہائی کیلئے پی ٹی آئی پھر متحرک، 5 اگست کو پشاور میں پاور شو کا اعلان

ویب ڈیسک

22-Jul-2026
|

پاکستان

عمران خان کی رہائی کیلئے پی ٹی آئی پھر متحرک، 5 اگست کو پشاور میں پاور شو کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے ایک بار پھر ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں 5 اگست کو پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک بڑے عوامی جلسے کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ ملک بھر میں ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین بیرسٹر گوہر، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، مرکزی جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا، اسد قیصر سمیت مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے شرکت کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اجلاس کا واحد ایجنڈا عمران خان کی رہائی کے لیے آئندہ کی تحریک پر مشاورت تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد 5 اگست کے جلسے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی آئندہ کے لائحۂ عمل کا اعلان کریں گے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ناحق قید میں رکھا گیا ہے اور ان کی رہائی کے لیے پی ٹی آئی نے ہمیشہ آئینی، قانونی اور جمہوری راستہ اختیار کیا۔ ان کے مطابق احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے اور پارٹی اسی حق کے تحت اپنی تحریک آگے بڑھائے گی۔

انہوں نے گزشتہ سال 24 سے 26 نومبر کے اسلام آباد احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کارکنوں پر تشدد اور فائرنگ کی گئی، متعدد کارکن جاں بحق اور زخمی ہوئے، تاہم ان واقعات کے مقدمات درج نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے بھی انصاف نہیں ملا اور درخواستیں وکلا کو سنے بغیر مسترد کر دی گئیں، جو انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 5 اگست کو عمران خان کی گرفتاری کو تین سال مکمل ہو جائیں گے، اسی مناسبت سے پارٹی اپنی نئی احتجاجی تحریک کا آغاز پشاور کے جلسے سے کرے گی۔

صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے بھی تصدیق کی کہ 5 اگست کو عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور میں بڑا جلسہ منعقد ہوگا، جس میں پی ٹی آئی کے کارکنان بھرپور شرکت کریں گے، جبکہ اسی جلسے میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور احتجاجی شیڈول کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

نمایاں خبریں

Still Running Your Business Manually ?

Automate. Scale. Grow with Webrix.

Custom Management Systems
Web & App Development
AI Automation Solutions
Chat on WhatsApp