انفارمیشن کمیشن کا سندھ گورنمنٹ سروسز ہسپتال کا دورہ

Hanif
15-Jan-2026 | صحت

کراچی : اسپتال کی ویب سائٹ فعال نہ ہونے پر ناپسندیدگی کا اظہار،جلد از جلد فعال کرنے کی ہدایت کراچی جنوری 15 : معلومات تک رسائی اور شفافیت کے قانون 2016 کے تحت سندھ انفارمیشن کمیشن کے اراکین محمد سلیم خان اور نور محمد دایو نے سیکشن 13 کے سب سیکشن 4 کے تحت بہتر نظم و نسق اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے سندھ گورنمنٹ سروسز اسپتال کا دورہ کیا،اراکین نے اسپتال کے بجٹ،ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل اسٹاف کی تفصیل، ریکارڈ روم ،ادویات کے اسٹور اور دیگر امور کا جائزہ لیا اور اسپتال کے مختلف وارڈز اور سیکشنز بشمول میڈیکل ری امبرسمنٹ سیکشن Medical Reimbursement section کا بھی دورہ کیا،انہوں نے اسپتال کی فزیو تھراپی اور ڈینٹل او پی ڈی میں موجود مریضوں سے انہیں فراہم کی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا،انفارمیشن کمیشن کے اراکین نے اسپتال کی ویب سائٹ کے فعال نہ ہونے اور ایکٹ کے تحت معلومات کی فراہمی کے لئے افسر مقرر نہ کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور ویب سائٹ کو فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایکٹ کے تحت درکار تمام معلومات کو اپ لوڈ کرنے کے بھی احکامات دئیے،اس موقع پر انفارمیشن کمشنر محمد سلیم خان نے کہا کہ معلومات تک رسائی ہر پاکستان شہری کا بنیادی حق ہے جو کہ اسے آئین پاکستان کے سیکشن 19-اے کے تحت بھی دیا گیا ہے اس لئے تمام سرکاری ادارے عوامی مفاد کی معلومات فراہم کرنے اور سرکاری امور میں شفافیت کو یقینی بنانے کے پابند ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ اس ایکٹ کے تحت تمام سرکاری محکمے عوام کو معلومات کی فراہمی کے لئے 16 یا اس سے اوپر گریڈ کا افسر مقرر کریں۔ انفارمیشن کمشنر نور محمد دایو نے کہا کہ معلومات کی عدم فراہمی ،غلط بیانی اور اسے جان بوجھ کر چھپانا قابل تعزیر جرم ہے،انہوں نے سرکاری محکموں پر زور دیا کہ وہ مقرر کردہ افسر کی تبدیلی کی صورت میں فوری طور پر کمیشن کو مطلع کریں تاکہ اس ضمن میں ریکارڈ کو درست رکھا جاسکے، کمشنرز نے واضح کیا کہ مذکورہ بالا ایکٹ کی خلاف ورزی، معلومات کی عدم فراہمی یا غلط استعمال، بہتر نظم و نسق نہ ہونے اور عدم شفافیت پر کمیشن کو سزا دینے کا اختیار ہے۔انہوں نے ریکارڈ کو مناسب طریقہ سے رکھنے اور ڈاکٹرز اور اسٹاف کی دستیابی پر اسپتال کی انتظامیہ کو سراہا۔اسپتال کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ نے یقین دلایا کہ کمیشن کے احکامات کی مکمل پابندی کی جائے گی،انہوں نے اسپتال کی ویب سائٹ کو ایک ماہ میں مکمل طور پر فعال کرنے اور معلومات کی فراہمی کے لئے افسر مقرر کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
نمایاں خبریں