وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان اور پاکستان کو لازم و ملزوم قرار دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری، تحقیق اور شعور کیساتھ کریں کیونکہ گمراہ کن معلومات اور پروپیگنڈا نوجوان ذہنوں کو متاثر کرنے کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے-
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیر اہتمام پاکستان بھر کے طلبا وطالبات کیلئے سمر کیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی طالب علموں کیساتھ خصوصی نشست رکھی گئی۔
آئی ایس پی آر سمر کیمپ 2026 میں پاکستان بھر کے 18سے زائد شہروں کے نویں سے بارہویں جماعت کے 4 ہزارسے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں۔
طلبا سے خطاب میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال ،درپیش چیلنجز اور نوجوانوں کے قومی شعور پر روشنی ڈالی جبکہ طالب علموں کے سوالات سُن کر اُن کے جوابات بھی دیے-
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی اور تشدد کی کسی بھی شکل کو کسی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے حالیہ عالمی بحران کے دوران پاکستان کی سول وعسکری قیادت کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان عالمی منظرنامے میں مرکز نگاہ بن چکا ہے-
سرفراز بگٹی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری، تحقیق اور شعور کیساتھ کریں، گمراہ کن معلومات اور پروپیگنڈا نوجوان ذہنوں کو متاثر کرنے کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے گفتگو کے اختتام پر پاکستان اور بلوچستان کو ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم قرار دیا۔
اعلامیے کے مطابق آئی ایس پی آر سمر کیمپ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی نوجوانوں کیساتھ نشست، قومی شعور کی بیداری اور صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے ایک اہم ترین پیشرفت ہے-








