LogoThursday, July, 23, 2026

News Point PK

روبوٹکس اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی پر بڑا قدم، وزیراعظم کا 20 ملین ڈالر وینچر فنڈ اور ’’اسپارک اینڈ ایلیویٹ‘‘ پروگرام کا اعلان

روبوٹکس اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی پر بڑا قدم، وزیراعظم کا 20 ملین ڈالر وینچر فنڈ اور ’’اسپارک اینڈ ایلیویٹ‘‘ پروگرام کا اعلان

ویب ڈیسک

22-Jul-2026
|

تازہ ترین

روبوٹکس اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی پر بڑا قدم، وزیراعظم کا 20 ملین ڈالر وینچر فنڈ اور ’’اسپارک اینڈ ایلیویٹ‘‘ پروگرام کا اعلان

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں روبوٹکس، مصنوعی ذہانت (AI) اور اٹانومس سسٹمز کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے ’’اسپارک اینڈ ایلیویٹ پروگرام‘‘ کے آغاز اور 20 ملین ڈالر کے پاکستان وینچر فنڈ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ، دفاعی صلاحیتوں میں اضافے اور قومی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بھرپور انداز میں بروئے کار لائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں انڈس راس روبوٹکس اینڈ اٹانومس سسٹمز ایکسپو 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ نمائش پاکستان کے اس عزم کی عکاس ہے کہ ملک کو 21ویں صدی کی جدید ٹیکنالوجی میں نمایاں مقام دلایا جائے۔ ان کے مطابق حکومت مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے معیشت، سلامتی اور عوامی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال منعقد ہونے والی انڈس اے آئی سمٹ نے بھی حکومتی اداروں، ماہرین، محققین اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا، جبکہ اب انڈس راس ایکسپو اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ روبوٹکس اور خودکار نظام نہ صرف دفاع بلکہ زراعت، صنعت، موسمیاتی تبدیلی، آفات سے نمٹنے اور روزمرہ زندگی میں بھی انقلابی کردار ادا کریں گے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فیصلوں کی رفتار اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے دفاعی شعبے میں مقامی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سیکیورٹی اور دفاع کے میدان میں قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں اپنایا، جبکہ دفاعی تربیت کے لیے استعمال ہونے والے 100 فیصد سیمولیٹرز اب پاکستان میں تیار کیے جا رہے ہیں اور ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی تیاری حاصل کر لی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دفاعی معرکوں میں جدید آٹونومس سسٹمز، سائبر سیکیورٹی اور مقامی ٹیکنالوجی نے سرحدوں کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا، جس سے پاکستان کی دفاعی استعداد اور آپریشنل مہارت مزید مضبوط ہوئی۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کا انقلاب صرف بڑے شہروں یا بڑی کمپنیوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کے ثمرات کسانوں، خواتین، نوجوانوں، چھوٹے کاروباروں اور معاشرے کے کمزور طبقات تک بھی پہنچنے چاہئیں۔

انہوں نے محفوظ، شفاف اور ذمہ دارانہ انداز میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے واضح قانون سازی اور اخلاقی فریم ورک کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

رپورٹ کے مطابق اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ ’’اسپارک اینڈ ایلیویٹ پروگرام‘‘ اور 20 ملین ڈالر کے پاکستان وینچر فنڈ کے ذریعے تحقیق، اختراع اور مقامی اسٹارٹ اپس کی سرپرستی کی جائے گی تاکہ پاکستان عالمی معیار کی ٹیکنالوجی تیار کرنے والا ملک بنے، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور ملک مستقبل میں جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں خود انحصاری حاصل کر سکے۔

نمایاں خبریں

Still Running Your Business Manually ?

Automate. Scale. Grow with Webrix.

Custom Management Systems
Web & App Development
AI Automation Solutions
Chat on WhatsApp