LogoFriday, March, 20, 2026

News Point – Latest Urdu News from Pakistan & World

کراچی میں طوفانی بارش سے 19 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

کراچی میں طوفانی بارش سے 19 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

ویب ڈیسک

18-Mar-2026
|

تازہ ترین

کراچی میں طوفانی بارش سے 19 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید طوفانی ہواؤں کے بعد موسلادھار بارش کے دوران مختلف حادثات میں 16 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی کے تقریبا تمام ہی علاقوں میں شدید طوفانی ہواؤں کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

ایدھی اور ریسکیو 1122 حکام کے مطابق بلدیہ مواچھ گوٹھ میں دیوار گرنے سے 11، قائد آباد مجید کالونی میں دیوار گرنے سے میاں بیوی، کورنگی میں درخت گرنے سے شہری، ملیر میں بجلی گرنے سے ایک شہری جبکہ بلدیہ میں مکان کی دیوار گرنے سے شہری جاں بحق ہوا۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق بلدیہ مواچھ گوٹھ میں دیوار اور چھت منہدم ہونے کے نتیجے میں مرنے والے افراد نشے کے عادی تھے اور بارش سے بچنے کیلیے عمارت میں جمع ہوئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کا عمل جاری ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد سامنے آئے گی۔

طوفانی ہواؤں کے باعث کئی علاقوں میں بل بورڈ اور درخت گرے جبکہ بلدیہ ٹاؤن میں مکان کی دیوار گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک شخص دم توڑ گیا۔

کلفٹن میں لائسنس برانچ آفس کے قریب درخت گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو شدید چوٹیں آئیں جبکہ کورنگی میں درخت تلے دب کر پانچ افراد زخمی ہوئے اس کے علاوہ ناظم آباد میں بھی درخت گرنے کا واقعہ پیش آیا۔

کورنگی میں درخت گرنے سے زخمی ہونے والے پانچ میں سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ملیر ندی یارو گوٹھ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے 01 شخص جاں بحق ہوا جس کی شناخت 35 سالہ حضرت عمر کے نام سے ہوئی۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے مواچھ گوٹھ کے قریب عمارت کے گرنے سے 7 افراد جاں بحق ہوئے جن کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ترجمان کے مطابق 3 سے زائد افراد موقع پر موجود ہیں اور مزید لاشوں کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوسکی تاہم ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

شہر میں طوفان اور بارش کے بعد 645 فیڈرز متاثر ہوئے، جس کے باعث کراچی کے بیشتر علاقے رات گئے تک بجلی سے محروم رہے۔

گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر، لانڈھی، کورنگی، اورنگی، لیاقت آباد، گلبہار ، اولڈ سٹی ایریا، نمائش، صدر سمیت کئی علاقوں میں طوفانی ہواؤں کے بعد تیز بارش ہوئی۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے شہر کی جانب سسٹم بڑھنے کی پیش گوئی کر رکھی تھی جس کے بعد یہ سلسلہ رات گئے تک جاری ہے گا اور جمعے ہفتے کو نیا سسٹم داخل ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شاہراہ فیصل پر ہواؤں کی رفتار90 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ماڑی پور میں ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 97 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

نمایاں خبریں