کراچی میں میگا پروجیکٹس چل رہے ہیں، شہر کی ہر سڑک پر جدید بس چلے گی، شرجیل میمن

ویب ڈیسک
30-Jan-2026 | خاص خبریں

کراچی: سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی کام جاری ہیں، سڑکیں بن رہی ہیں۔ شہر کی ہر سڑک پر جدید بس چلے گی۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے تحریک پیش کی کہ سندھ اسمبلی میں عالمی کانفرنس ہوگی اور اسمبلی ہال کو کانفرنس ہال میں تبدیل کیا جائے، جسے سندھ اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق سوالات کے جواب سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے دیے۔ ایم کیو ایم کے رکن نے ماڈل کالونی کے روٹ پر ریڈ بس کی بحالی سے متعلق سوال کیا جس پر شرجیل میمن نے کہا کہ مزید بسیں کراچی پورٹ پر موجود ہیں ، کراچی کی ہر سڑک پر جدید بسیں چلیں گی۔
وقفہ سوالات کے دوران شرجیل میمن نے بتایا کہ ٹریفک کے لیے اسمارٹ سسٹم پر کام ہو رہا ہے، سپاہی کے پاس وائرلیس سسٹم ہوتا ہے ،ٹریفک نظام آٹو میٹک اور مینوئل دونوں طریقوں سے چلتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی سفارشات کی بنیاد پر سگنلز لگائے جاتے ہیں ، ٹریفک کے یوٹرن بھی اسی حساب سے بنائے جاتے ہیں، جس کے بعد انہیں ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کے لیے اقدامات کیے تھے کیونکہ شہر میں موجود بس اڈوں کی وجہ سے ٹریفک کا رش بڑھتا تھا، جس پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے فیصلہ کیا کہ بسوں کو شہر سے باہر رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ بس ٹرمینلز سے مفت شٹل سروس چل رہی ہے، سہراب گوٹھ بس اڈے سے بھی شٹل سروس جاری ہے جب کہ کراچی کے بس ٹرمینل والے خود چارج کرتے ہیں اور حکومت کا اس میں ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہو رہا۔
انفرا اسٹرکچر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کراچی کی سڑکیں بن رہی ہیں، کے ایم سی اور محکمہ بلدیات سڑکوں کی تعمیر کر رہے ہیں، کراچی میں میگا پروجیکٹس چل رہے ہیں اور حال ہی میں وزیر اعلیٰ سندھ نے 90 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
نمایاں خبریں
ایران، امریکا مذاکرات میں پاکستان کو بھی شرکت کی دعوت
3 hours ago

عالمی مالیاتی اداروں کی پاکستان میں مسلسل شمولیت اعتماد سازی کیلئے اہم قرار
9 hours ago

شب برأت کے دن دعا ہے کہ حکومت کاشتکاروں کیلئے کچھ کرے،شیخ رشید
13 hours ago

یوم یکجہتی کشمیر ، وفاقی حکومت نے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان
23 hours ago

بانی قومی یکجہتی کی علامت ، ملاقات کے بغیر یکجہتی کیسے آئے گی، بیرسٹر گوہر
23 hours ago
