LogoTuesday, May, 19, 2026

News Point PK

بیرسٹر راجہ خلیق الزمان اور سینیٹر اسلم ابڑو کا عوام دوست مویشی منڈی کا دورہ

بیرسٹر راجہ خلیق الزمان اور سینیٹر اسلم ابڑو کا عوام دوست مویشی منڈی کا دورہ

اسٹاف رپورٹر

18-May-2026
|

شہر قائد

بیرسٹر راجہ خلیق الزمان اور سینیٹر اسلم ابڑو کا عوام دوست مویشی منڈی کا دورہ

کراچی : ذوالحجہ کا چاند نظر آتے ہی کراچی کی مرکزی نادرن بائی پاس ’عوام دوست مویشی منڈی‘ میں میلے کا سماں پیدا ہو گیا ہے۔ چاند نظر آتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے منڈی پہنچ گئی، جس کے باعث خریداروں اور بیوپاریوں کا زبردست رش دیکھنے میں آ رہا ہے اور مویشی منڈی میں گہما گہمی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے-

ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کی جانب سے لائٹنگ، پانی اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جو خریداروں کے لیے خصوصی دلچسپی اور اطمینان کا سبب بن رہے ہیں۔

گزشتہ روز وزیراعظم کے ترجمان برائے سندھ بیرسٹر راجہ خلیق الزمان انصاری اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر محمد اسلم ابڑو نے ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی اور انچارج میڈیا سیل ذکی ابڑو کے ہمراہ مویشی منڈی کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی نے دونوں سیاسی رہنماؤں کو فوڈ اسٹریٹ سمیت مویشی منڈی کے مختلف وی آئی پی اور جنرل بلاکس کا دورہ کرایا اور وہاں فراہم کردہ سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔

بیرسٹر راجہ خلیق الزمان انصاری اور سینیٹر اسلم ابڑو نے عیدِ قربان کے لیے لائے گئے خوبصورت اور نایاب جانور بھی دیکھے۔

دونوں رہنماؤں نے عوام دوست منڈی کے انتظامی امور، مثالی صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات دیکھ کر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے نادرن بائی پاس مویشی منڈی میں موجود بیوپاریوں اور خریداروں سے بھی براہِ راست ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے ترجمان بیرسٹر راجہ انصاری کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر ہر ممکن ریلیف اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور مویشی منڈی کے انتظامات اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

اس موقع پر سینیٹر محمد اسلم ابڑو نے طارق تنولی اور میڈیا سیل کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی مویشی منڈی دراصل ’منی پاکستان‘ کا منظر پیش کر رہی ہے، جہاں لاکھوں قربانی کے جانوروں کی موجودگی کے ساتھ اتنی بڑی تعداد میں انسانوں کے لیے ضروریاتِ زندگی کا انتظام کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گیارہ سو ایکڑ رقبے پر قائم مویشی منڈی کے کشادہ راستے، سخت سیکیورٹی، بجلی اور پانی کی بلاتعطل فراہمی کسی نعمت سے کم نہیں۔

بیوپاریوں کی محنت کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بیوپاری حضرات اچھے منافع کی امید پر سال بھر ان جانوروں کی بچوں کی طرح خدمت کرتے ہیں، جنہیں یہاں سازگار ماحول مل رہا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے بہترین انتظامات پر ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو خوب سراہا۔

مہمان فوڈ اسٹریٹ پر لذیذ کھابوں سے لطف اندوز ہوئے اور وہاں لگی مختلف فوڈ چینز کے کھانوں کو معیاری قرار دیا۔

آخر میں طارق تنولی اور میڈیا سیل کی ترجمان امِ ایمن نے مہمانوں کو سندھی اجرک پہنائی اور تحائف پیش کیے۔

مہمانوں نے میڈیا سیل کے ذمہ داران حبیب اللہ، ذیشان حیدر ابڑو، فیاض خان، ثاقب عالم، ہمایوں خان، امداد علی اور نعیم شاہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

نمایاں خبریں

Still Running Your Business Manually ?

Automate. Scale. Grow with Webrix.

Custom Management Systems
Web & App Development
AI Automation Solutions
Chat on WhatsApp