مسلح افواج ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کیلئے ہردم تیار، کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

ویب ڈیسک
تازہ ترین

مظفرآباد: چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل عاصم منیر نے تحریک آزادی کشمیر کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق آزادی کی صبح جلدی طلوع ہوگی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا اور انہوں نے تحریکِ آزادی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جموں و کشمیر شہدا یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور کشمیر تحریک کے شہدا کی بے مثال جرأت، قربانی اور لازوال جدوجہد کو سراہا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر معززین اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیرکے عوام کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں اور ہندوتوا پر مبنی زیادتیاں کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور ان کی امنگوں کو دبانے میں ناکام رہی ہیں، کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی ثابت قدم اور حمایت کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور تقدیر کے مطابق آزادی کی صبح جلد طلوع ہوگی، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کے منصفانہ حل تک تمام متعلقہ بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار جاری رکھے گا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کشمیر میں تعینات افسران اور جوانوں کی غیر متزلزل وابستگی، بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کو سراہا اور چیلنجنگ آپریشنل حالات کے باوجود اعلیٰ سطح کی تیاری، مستعدی اور تمام شعبوں میں مؤثر ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ دشمن کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا بروقت اور فیصلہ کن جواب دیا جا سکے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دورے کے دوران ایک فارورڈ پوسٹ کا بھی معائنہ کیا جہاں انہوں نے محاذ پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور کہا کہ کسی بھی جارحیت کا فوری، تیز اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول میں روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
قبل ازیں مظفرآباد آمد پر چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کمانڈر راولپنڈی کور نے کیا۔
نمایاں خبریں
کراچی میں افسوسناک واقعہ، بیٹی کی تدفین کیلئے جانے والا باپ ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل

معرکہ حق: بلوچستان میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں کا انعقاد

معرکۂ حق میں ناکامی، بھارت کے جھوٹے الزامات دم توڑ گئے، پروپیگنڈا عالمی سطح پر بے نقاب

14 نکاتی معاہدے پر مشاورت ، اسلام آباد میں امریکا ایران مذاکرات بحال ہونے کا امکان

لاہور میں معرکہ حق کی فتح کا شاندار جشن، لبرٹی چوک جگمگا اٹھا، عوام کی پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

Automate. Scale. Grow with Webrix.
Helping businesses grow digitally