LogoSaturday, March, 21, 2026

News Point – Latest Urdu News from Pakistan & World

لاہور کے بعد کوئٹہ میں بسنت منانے کا اعلان، تیاریاں زور وشور سے جاری

لاہور کے بعد کوئٹہ میں بسنت منانے کا اعلان، تیاریاں زور وشور سے جاری

ویب ڈیسک

11-Feb-2026
|

خاص خبریں

لاہور کے بعد کوئٹہ میں بسنت منانے کا اعلان، تیاریاں زور وشور سے جاری

لاہور میں بسنت 2026 کے رنگ جمانے کے بعد اب کوئٹہ بھی اس خوشگوار تہوار کا حصہ بننے جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 13، 14 اور 15 فروری (جمعہ سے اتوار)تک تین روزہ بسنت میلہ منانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس پر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

شہر بھر میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں،بازاروں میں رنگ برنگی پتنگوں، مضبوط ڈور، پیلے لباس اور بسنت کی دیگر اشیا کی دھوم مچ گئی ہے۔

گرد سنگھ روڈ، پرنس روڈ، علمدار روڈ، کاسی روڈ، سرکی روڈ، جان محمد روڈ، سبزل روڈ، نوا کلی، بروری روڈ، جیل روڈ، لیاقت بازار اور دیگر علاقوں میں خریداری کا سلسلہ جاری ہے، جہاں لوگ پتنگوں کی نئی ڈیزائن دیکھ کر لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

آسمان جلد ہی رنگین پتنگوں سے بھر جانے کا امکان ہے جبکہ مختلف علاقوں میں مقامی ثقافتی پروگرامز، موسیقی اور روایتی تقریبات کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔

کوئٹہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ تہوار شہر میں تفریحی مواقع کی کمی کو پورا کرے گا۔ ایک شہری مصباح ایڈووکیٹ نے بتایا کوئٹہ جیسے شہر میں جہاں روزمرہ زندگی کے مسائل بہت ہیں، بسنت جیسا تہوار نہ صرف خوشی لائے گا بلکہ سماجی ہم آہنگی اور مثبت تشخص کو بھی فروغ دے گا۔ ہاں اگر یہ تہوار حکومتی سطح پر ہوتا تو اور بھی دلچسپ ہوتا تاہم لاہور کے بعد یہاں بسنت کا انعقاد سیاحت کے لیے بھی اچھا پیغام ہے۔

منتظمین کے مطابق یہ تقریبات مختلف علاقوں میں منعقد ہوں گی، جن میں پتنگ بازی کے علاوہ مقامی فنکاروں کی پرفارمنسز، روایتی کھانوں کے اسٹالز اور خاندانی تفریح کا خاص اہتمام ہوگا۔ یہ میلہ کوئٹہ میں ایک نئے ثقافتی باب کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے، جو شہریوں کو چند دنوں کے لیے روزمرہ کی پریشانیوں سے دور لے جائے گا اور خوشیوں کے رنگ بکھیرے گا۔

دوسری جانب اب تک حکومتی سطح پر یہ تہوار منانے اور کینسل کرنے کے حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔

نمایاں خبریں