موبائل فون کا غیر ضروری استعمال بچوں کیلئے نقصان دہ ہے،علامہ الیاس قادری

ویب ڈیسک
پاکستان

کراچی: امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدا لیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہےکہ بچوں کی تربیت انتہائی اہم ذمہ داری ہے، عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ بچوں کو گلیوں میں کھیلنے کیلئے بھیج دیا جاتا ہے، جہاں اکثر ماحول مناسب نہیں ہوتا اور گالی گلوچ، بدتمیزی و دیگر بری عادات پائی جاتی ہیں، اس لئے بہتر ہے کہ بچوں کو بغیر نگرانی کے باہر نہ بھیجا جائے بلکہ گھر کے اندر ہی ان کیلئے کھیلنے کا مناسب انتظام کیا جائے۔
عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے امیر اہل سنت نے کہا کہ آج کل موبائل فون کا غیر ضروری استعمال بہت بڑھ چکا ہے،اکثر گھروں میں بچے موبائل کے عادی ہوچکے ہیں، یہاں تک کہ وہ موبائل کے بغیر کھانا بھی نہیں کھاتے، یہ عادت نہ صرف ان کی صحت بلکہ ان کی تربیت کیلئے بھی نقصان دہ ہے، بچے موبائل پر گیمز کھیلتے ہیں اور اس میں اپنا قیمتی وقت ضائع کرتے ہیں، یہ رجحان معاشرے کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے، اس لئے اس پر قابو پانا ضروری ہے۔
امیر اہل سنت نے کہا کہ اگر بچوں کو ابتدا ہی سے قابو میں رکھا جائے تو تربیت آسان ہوجاتی ہے، ورنہ بعد میں روکنا مشکل ہو جاتا ہے، اگر بچہ شروع سے نظم و ضبط کا عادی ہو جائے تو آئندہ زندگی میں اس کے اچھے نتائج سامنے آتے ہیں، البتہ بچوں کو کھیلنے کودنے سے مکمل طور پر نہ روکا جائے کیونکہ یہ ان کی جسمانی نشوونما کیلئے ضروری ہے۔
امیر اہل سنت نے کہا کہ گھر کا ماحول بچوں کی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، بعض گھروں میں معمولی باتوں پر لڑائی جھگڑے ہوتے رہتے ہیں، ایسے ماحول میں بچوں کی اچھی تربیت مشکل ہوتی ہے، یاد رکھیں کہ بچہ ایک کوری تختی کی طرح ہوتا ہے، اسے جو سکھایا جائے وہی سیکھتا ہے، اگر اسے اچھے اخلاق اور عادات سکھائی جائیں تو وہ اچھا انسان بنے گا اور اگر اسے نظر انداز کردیا جائے تو ممکن ہے وہ بھی والدین کو نظر انداز کرنے لگے، اس لیے بچوں کی اچھی اور مثبت تربیت کرنا ضروری ہے۔
نمایاں خبریں
سندھ حکومت نے کرایوں میں استحکام کیلئے ٹارگٹڈ پبلک ٹرانسپورٹ سبسڈی پروگرام کو حتمی شکل دیدی

امریکا اور اسرائیل سے مقابلے پر ایران کو سلام پیش کرتے ہیں، حافظ نعیم الرحمن

نادرن بائی پاس پر قربانی کے جانوروں کیلئے قائم مویشی منڈی کا افتتاح

بلوچستان میں پی ڈی ایم اے کی امدادی مشینری پر مسلح افراد کی فائرنگ، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

6 اپریل کو کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی تا درمیانی بارش کا امکان
