کراچی: دعوت اسلامی کے زیر اہتمام 26 جولائی بروز اتوار بعد نماز عشاء نشتر پارک کراچی میں عظیم الشان استقبال ربیع الاول اجتماع منعقد ہوگا، جس کی تیاریاں باقاعدہ طور پر شروع کر دی گئی ہیں، اجتماع کے کامیاب انعقاد اور بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے مختلف شعبہ جات میں ذمہ داران اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں رکن شوریٰ و نگران کراچی مشاورت حاجی فضیل رضا عطاری نے دیگر ذمہ داران کے ہمراہ نشتر پارک کا تفصیلی دورہ کیا-

اس موقع پر انہوں نے اجتماع کے مختلف انتظامی امور کا جائزہ لیا اور ذمہ داران کو اہم ہدایات دیتے ہوئے انتظامات کو مزید موثر، منظم اور مربوط بنانے کیلئے کئی اہم نکات پر رہنمائی کی۔
دورے کے دوران اجتماع گاہ کی ترتیب، داخلی و خارجی راستوں، اسٹیج، شرکاء کی نشستوں، صفائی، بجلی، روشنی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات اور دیگر ضروری امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجتماع کے انتظامات کو مربوط انداز میں چلانے کیلئے 25 مختلف شعبہ جات پر مشتمل ایک جامع انتظامی کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے، ان شعبہ جات میں سیکورٹی، رابطہ، میڈیا، پارکنگ، ٹریفک کنٹرول، استقبالیہ، نظم و ضبط، صفائی، طبی امداد، پانی، برقیات، رہنمائی، رضاکاروں کی تنظیم اور دیگر انتظامی شعبے شامل ہیں، جن کے ذمہ داران کو اپنی اپنی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔
حاجی فضیل رضا عطاری نے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ اجتماع میں آنے والے عاشقان رسول کی سہولت، تحفظ اور بہترین میزبانی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور ہر شعبہ مکمل منصوبہ بندی، باہمی رابطے اور وقت کی پابندی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرے تاکہ اجتماع ہر اعتبار سے کامیاب اور مثالی ثابت ہو۔

واضح رہے کہ استقبال ربیع الاول اجتماع میں کراچی کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں عاشقان رسول کی شرکت متوقع ہے، جہاں ربیع الاول کی آمد کی مناسبت سے نعت رسول ﷺ، ذکر و درود، ایمان افروز بیان اور امت مسلمہ کی بھلائی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔








