LogoThursday, July, 2, 2026

News Point PK

بجٹ پر کوئی مشاورت نہیں ہوئی، مراعات لینے کی خبریں بے بنیاد ہیں، فیصل کریم کنڈی

بجٹ پر کوئی مشاورت نہیں ہوئی، مراعات لینے کی خبریں بے بنیاد ہیں، فیصل کریم کنڈی

ویب ڈیسک

19-Jun-2026
|

تازہ ترین

بجٹ پر کوئی مشاورت نہیں ہوئی، مراعات لینے کی خبریں بے بنیاد ہیں، فیصل کریم کنڈی

نوشہرہ: گورنر خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے بجٹ کی تیاری اور منظوری کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی سے کوئی باضابطہ مشاورت نہیں کی، جبکہ بجٹ کی حمایت کے بدلے مراعات حاصل کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں سراسر بے بنیاد ہیں۔

نوشہرہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بجٹ کے معاملے پر نہ ان سے اور نہ ہی پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت سے کوئی رابطہ کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر مستقبل میں صوبائی حکومت رابطہ کرتی ہے تو اس حوالے سے فیصلہ پارٹی چیئرمین کی مشاورت سے کیا جائے گا، کیونکہ کسی فرد کو انفرادی طور پر ایسے فیصلے کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں ورکرز کنونشنز کا انعقاد کرے گی اور بلاول بھٹو زرداری کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مستقبل میں بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کا ایک کارکن خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ بنے گا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف 13 سال اقتدار میں رہنے کے باوجود عوام کو روزگار، رہائش اور پائیدار امن فراہم کرنے میں ناکام رہی۔

ان کے بقول صوبے میں کرپشن بڑھ چکی ہے اور ٹرانسفر و پوسٹنگ کی خرید و فروخت کھلے عام ہو رہی ہے۔

انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ بدامنی، بے روزگاری اور کرپشن کے بڑھتے ہوئے مسائل پر بھی صوبائی حکومت سے سوالات کرے۔

انہوں نے کہا کہ دو ماہ تک سی این جی بند رہی لیکن صوبائی حکومت مسئلے کا حل نکالنے میں ناکام رہی، جبکہ حکومت اور اپوزیشن کے مشترکہ مؤقف کے بعد سی این جی کی بحالی ممکن ہوئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب سے گندم کی ترسیل میں رکاوٹوں کے معاملے پر صوبائی حکومت خاموش تماشائی بنی رہی۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے وسائل سے پورا ملک مستفید ہو رہا ہے، تاہم صوبائی حکومت اپنے حقوق کے حصول میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وفاق صوبے کو اس کا حق نہیں دیتا تو صوبائی قیادت کو مؤثر انداز میں آواز اٹھانی چاہیے، لیکن کمزور قیادت کے باعث صوبہ مختلف مسائل کا شکار ہے۔

انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس، ایف سی اور دیگر ادارے امن کے قیام کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں، اس لیے خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے برابر کی جانی چاہئیں۔

نمایاں خبریں

Still Running Your Business Manually ?

Automate. Scale. Grow with Webrix.

Custom Management Systems
Web & App Development
AI Automation Solutions
Chat on WhatsApp